امیٹھی:19 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا وارانسی سے انتخاب لڑنا تقریبا طے ہے۔یہ دعوی کانگریس کے ترجمان اور ایم ایل سی دیپک سنگھ نے کیا۔دیپک سنگھ نے کہا کہ پرینکا نے وارانسی سے انتخاب لڑنے کا من بنا لیا ہے۔ایک دو دن میں بنارس سے نامزدگی کے عمل کو شروع کیاجائے گا۔بتا دیں کہ وارانسی سیٹ سے وزیر اعظم نریندر مودی بی جے پی کے ٹکٹ پر دوبارہ میدان میں ہیں،پچھلی بار وہ ریکارڈ ووٹوں سے جیتے تھے۔دیپک سنگھ کے مطابق پرینکا آئرن لیڈی ہیں اور وہ مضبوطی کے ساتھ نریندر مودی کے سامنے لڑ کر عوام کو بتا دینا چاہتی ہے کہ اب تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔دیپک سے پہلے کانگریس صدر راہل گاندھی نے ایک انٹرویو میں پرینکاگاندھی کے الیکشن لڑنے کے امکان سے انکار نہیں کیا تھا۔انہوں نے اس کی تصدیق نہیں کی تھی، لیکن ضرور کہا کہ، آپ خود اندازہ لگائیے،اندازہ ہمیشہ غلط نہیں ہوتا۔اگرچہ پرینکا گاندھی کی جانب سے اس پر ابھی کوئی بیان نہیں آیا ہے،اگرچہ پرینکا کئی بار کہہ چکی ہیں کہ اگر پارٹی ان سے کہے گی تو وہ انتخابات ضرور لڑیں گی۔پرینکا دورے پر امیٹھی پہنچیں ہیں۔یہاں پر پرینکا نے پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ ملاقات کی۔یہ ملاقات انتخابات کے پیش نظر انتہائی اہم تھی۔پرینکا کی اس میٹنگ میں امیٹھی پارلیمانی حلقہ کے پانچوں اسمبلی حلقہ کے لیڈر ایک ایک کر ان سے ملے۔پرینکا نے ان لیڈروں کو سلسلہ وار انتخابات کی حکمت عملی کے بارے میں بتایا تاکہ امیٹھی کے عوام تک یہ لوگ پارٹی کا پیغام پہنچا سکیں۔پرینکا کی اس میٹنگ میں ممبران اسمبلی، پارٹی کے مقامی لیڈران، این ایس یو آئی کے لیڈر اور یوتھ ونگ کے لیڈر اور کارکنا بھی موجود رہے۔معلومات کے مطابق پرینکا نے انہیں دروازوں تک لوگوں سے رابطہ کرکے کانگریس کی پالیسیوں کے بارے میں بتانے کے لیے کہاہے۔